دو انسانی سمگلرز گرفتار، 8پاکستانی پاسپورٹ، شناختی کارڈ برآمد
ایبٹ آباد (شوکت سالار) ہوٹل میں مقیم انسانی سمگلروں اور غیر قانونی ٹریول ایجنٹوں کے خلاف کارروائی میں دو انسانی سمگلرز گرفتار، 8پاکستانی پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات برآمد کر لی گئیں۔
مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر ایف آئی اے کرائم سرکل کے ایس ایچ او ضیاء الاسلام کی سربراہی میں چھاپہ مارا گیا، ملزمان ایبٹ آباد کے ہوٹل کے کمرے میں مقیم تھے۔ انسانی سمگلر ساجد جیلانی ولد غلام جیلانی اور جاوید اقبال ولد برکت (ٹوبہ ٹیک سنگھ) کو گرفتار کر لیا گیا۔ مذکورہ ایجنٹوں سے 8پاکستانی پاسپورٹ، اوریجنل میڈیکل سرٹیفکیٹ، اوریجنل پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ، مختلف لوگوں کے اصلی شناختی کارڈ، CNICکی کاپیاں، بینک چیک، اے ٹی ایم کارڈز، ڈائری اور 2موبائل فونز برآمد ہوئے ۔ موبائل فونز کی جانچ پڑتال کی گئی تو معلوم ہوا کہ بہت سے افراد کو ایران اور عراق سمگل کیا جاتا ہے جہاں وہ انتہائی ناگفتہ بہ حالت میں ہیں اور ملزمان کی وجہ سے بھیک مانگ رہے ہیں۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے ۔