وزیر ریلویز کا ملک میں ریلوے ہسپتال سکولز آؤٹ سورس کرنے کا اعلان
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار، نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے ملک بھر میں ریلوے ہسپتال اور سکولز آؤٹ سورس کرنے کا اعلان کیا اور کہا راولپنڈی میں لاہور کی طرح الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔۔۔
کینٹ میں سپورٹس کمپلیکس تعمیرکیا جائے گا، رواں سال یورولوجی انسٹیٹیوٹ میں کڈنی و لیور ٹرانسپلانٹ شروع ہونے جا رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے استقبالیہ تقریب سے خطاب، راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے نئے او پی ڈی بلاک کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ یوسی 14کے ناظم چنگیز خان، بہادر خان اور شاہزیب خان بڑزادہ کے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا عوام نے دھوکا دینے والوں پر بھروسہ کرنا چھوڑ دیا جنہوں نے 35سالہ دور اقتدار میں عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، جو کہتے تھے پاکستان پیسے نہ بھیجیں ان کی بات کسی نے نہیں سنی۔ انہوں نے کہا ریلوے ہسپتالوں میں 50، 50ہزار کے ٹیکے باہر سے خریدنے کیلئے لکھ کر دیا جاتا تھا، ملک بھر میں ریلوے ہسپتالوں اور 14ریلوے سکولوں کی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ریلوے کے 58ہزار ملازمین کے اوور ٹائم سمیت دیگر مطالبات تسلیم کرکے کہہ دیا بائیو میٹرک حاضری یقینی بنائیں۔