بھارتی دھمکیوں کیخلاف مرکزی مسلم لیگ کا راولپنڈی میں مظاہرہ
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)بھارت کی جانب سے حالیہ یکطرفہ اقدامات، سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکیوں کیخلاف مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی کے زیر اہتمام راولپنڈی پریس کلب کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔۔۔
جس میں بڑی تعداد میں شہریوں، پارٹی کارکنان، طلبا، وکلا اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکا نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان فوری طور پر اس معاملے کو اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھائے ۔ انجینئر مبین صدیقی (سیکرٹری جنرل، مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی) اور صدر شہباز راجپوت نے کہا کہ پانی جیسے قدرتی وسائل کو سیاسی اور جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے ، پاکستان کے عوام اپنے دریاؤں اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے متحد ہیں اور کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔