جرائم کنٹرول، تفتیش کا معیار بہتر بنائیں،ڈی آئی جی اسلام آباد
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد جواد طارق کی زیرصدارت سٹی زون، صدر زون، انڈسٹریل ایریا زون، سواں زون اور رورل زون کے افسران کے ساتھ کرائم میٹنگز کا انعقاد کیا گیا جن میں اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
میٹنگز میں ڈی آئی جی اسلام آباد نے تمام زونز کی کارکردگی کا جائزہ لیا، انہو ں نے کہا جرائم پر موثر کنٹرول اور تفتیش کے معیار کو بہتر بنایا جائے، کار و موٹرسائیکل چوری، قبضہ مافیا، منشیات فروشوں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے، تمام افسران پولیسنگ کو بہتر بنانے کیلئے روایتی تفتیش کے ساتھ ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی مدنظر رکھیں، گرفتار ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے ٹھوس شواہد کی روشنی میں چالان کیا جائے۔ دریں اثنا ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے اپنے دفتر میں اردل روم کا انعقاد کیا جس میں پولیس افسران نے ذاتی اور سرکاری نوعیت کے مسائل ڈی آئی جی اسلام آبادکے سامنے رکھے، انہوں نے سنگین نوعیت کے معاملات پر سینئر پولیس افسران کو از سر نو انکوائریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ پولیس افسران کے باقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔