ریلوے سٹیشنوں کی صفائی کیلئے آر ڈبلیو ایم سی کا معاہدہ

راولپنڈی(خصوصی نامہ نگار، نیوز رپورٹر)ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیاب تکمیل کیلئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے ریلوے سٹیشنز کی صفائی کی ذمہ داری بھی سنبھال لی ہے۔
گزشتہ روز تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے راولپنڈی نورالامین نے باہمی معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی راولپنڈی صدر، چکلالہ اور مارگلہ ریلوے سٹیشز کے پلیٹ فارمز، آفس بلڈنگ اور پلیٹ فارم ٹریک کی صفائی کرے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ساجد صفدر نے کہا آر ڈبلیو ایم سی اپنی پیشہ ور ٹیم، جدید مشینری اور مؤثر نظام کے ساتھ ان مقامات کو نہ صرف صاف رکھے گی بلکہ مسافروں کو خوشگوار، جراثیم سے پاک اور معیاری ماحول بھی فراہم کرے گی۔ ڈی ایس ریلوے نورالامین نے کہا ہم چاہتے ہیں سٹیشنز صفائی کے اعلیٰ معیار کی مثال بنیں۔