اعظم تارڑکی زیر صدارت ،معذوروں کے حوالے سے اجلاس
اسلام آباد ( دنیا ر پورٹ ) وفاقی وزیر برائے حقوقِ انسانی، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی صدارت میں معذوروں کے حقوق کے حوالے سے اجلا س ہوا۔۔
جس میں متعلقہ وفاقی وزارتوں، محکموں اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوئے ۔ اجلاس کا مقصد افراد باہمی معذوری کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینا اور رسائی میں بہتری، ڈیٹا کے جمع کرنے اور ادارہ جاتی شمولیت جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔کونسل نے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے تیار کردہ ایکسیسبلٹی آڈٹ کے آغاز کی متفقہ منظوری دی جس کا مقصد عوامی اور نجی اداروں میں فزیکل رسائی کا جائزہ لینا ہے جن میں ریمپس، وہیل چیئر کے لیے موزوں باتھ رومز اور دیگر سہولتیں شامل ہوں ، جو ریستورانوں، شاپنگ مالز، تعلیمی اداروں، سرکاری عمارتوں اور نجی شعبے میں افراد باہمی معذوری کی آسانی کے لیے فراہم کی جائیں گی۔ اجلاس کو ایک آسان موبائل ایپلیکیشن کی تیاری سے بھی آگاہ کیا گیا جو افراد باہمی معذوری کو معلومات اور خدمات تک رسائی میں مدد دے گی۔ وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے تعلیمی نظام میں افراد باہمی معذوری کی شمولیت کو لازمی قرار دیا اور تمام سکولوں، کالجوں اور جامعات کو خصوصی ضروریات کے حامل طلبا کے لیے پالیسیاں بنانے اور نافذ کرنے میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا،انہوں نے سرکاری اور نجی شعبے سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ افراد باہمی معذوری کو صرف سہولیات فراہم کرنے تک محدود نہ رکھیں بلکہ انہیں معاشرے کا فعال رکن اور بااختیار شہری بنائیں۔