سول ڈیفنس کی تربیت مستقل پروگرام کے طور پر نافذ کیا جائے محمد علی رندھاوا
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے ، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں انہیں بریفنگ دی گئی۔
کہ محکمہ سول ڈیفنس اسلام آباد نے سی ڈی اے اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے اشتراک سے دارالحکومت کے سکولوں اور کالجوں کے طلبا کیلئے سہ روزہ سول ڈیفنس کے تربیتی پروگرام کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کرلیا ۔ محکمہ سول ڈیفنس کی چھ ماہر تربیتی ٹیموں اور سی ڈی اے کی چار ٹیموں نے 70 سکولوں اور کالجوں کے سات ہزار طلبا کو تربیت فرا ہم کی اور انہیں اپنے معاشروں کو محفوظ بنانے کیلئے شہری دفاع کی بنیادی صلاحیتوں سے آراستہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ سول ڈیفنس کی تربیت کو ایک مستقل پروگرام کے طور پر نافذ کیا جائے اور اسلام آباد میں لڑکیوں کے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کیلئے بھی اسی طرح کے تربیتی پروگرامز شروع کیے جا ئیں تاکہ ملک بھر بشمول وفاقی دارالحکومت میں تیاری اور حفاظت کے کلچر کو فروغ دیا جاسکے ۔