عیدالاضحیٰ صفائی پلان مرتب سینی ٹیشن عملہ کی چھٹیاں منسوخ، شہری تعاون کریں : چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبران سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ آف سینی ٹیشن نے اسلام آباد میں قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور دیگر آلائشیں اٹھانے کیلئے ایکشن پلان ترتیب دیا جس کے تحت اسلام آباد شہر کو پانچ زون میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر زون کو چیف سینیٹری انسپکٹر سپروائز کرے گا۔ ایکشن پلان کے مطابق سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے عملے کی عید کے دوران چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، 2500سے زائد صفائی عملہ، سپروائزری سٹاف اور افسران ہنگامی بنیادوں پر ڈیوٹی دینگے جبکہ 250سے زائد گاڑیاں، ٹریکٹر ٹرالیاں، گاربیج کمپیکٹر، اسکپ لفٹر، ٹرک ڈمپر، فرنٹ لوڈر، شاول اور ڈوزر وغیرہ مہم میں شامل ہوں گے، قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور دیگر آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے 55مختلف مقامات پر 107سے زائد گڑھے کھود لیے گئے ہیں اور اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں بائیو ڈیگریڈ ایبل پلاسٹک بیگ تقسیم کیے جارہے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ قربانی کے جانور جگہ جگہ ذبح کرنے سے گریز کریں، اوجھڑیاں نالوں، جنگلوں وغیرہ میں نہ پھینکیں اور کوڑے دانوں اور گاربیج ٹرالیوں میں بھی نہ ڈالیں، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ تمام پرائیویٹ و کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کی مینجمنٹ کمیٹیوں سے رابطے میں رہیں اور ان کو پابند کیا جائے وہ آلائشوں کو محفوظ طریقے سے تلف کریں۔ دو ایمرجنسی سیل قائم کر دیئے گئے ہیں جو کہ سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے مرکزی دفتر واقع جی سکس ون فور اور ٹرانسپورٹ سیکشن واقع فائر ہیڈ کوارٹرز جی سیون فور میں دن رات کام کریں گے، مرکزی کمپلینٹ سینٹر سیف سٹی کے مرکزی دفتر واقع سیکٹر H-11میں قائم کیا گیا ہے۔ شہری اوجھڑیاں وغیرہ اٹھوانے کیلئے سینی ٹیشن ہیلپ لائن نمبر 1334یا 9213908اور ٹیلی فون 9203216، 9211555, پر رابطہ کرسکتے ہیں اور واٹس ایپ پیغام یا ایس ایم ایس کے ذریعے نمبر 03355001213پر اپنے پیغامات بھیج سکتے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا ہے کہ شہری صفائی کے حوالے سے بھرپور تعاون کریں تا کہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکیں۔ دریں اثنا چیئرمین سی ڈی اے نے وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد اور متعلقہ افسران کے ہمراہ پارک روڈ پر قائم سی ڈی اے نرسری کا دورہ کیا جہاں انہیں نرسری کی اپ گریڈیشن، بحالی اور اسے ’گارڈینیا حب‘ میں تبدیل کرنے کے منصوبے کے تحت ہونے والے اب تک کے تعمیراتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین نے کہا کہ یہاں کام کرنے والے تمام ملازمین کو ماڈل نرسری کی دیکھ بھال اور حفاظت کیلئے خصوصی ٹریننگ فراہم کی جائے، چیئرمین ایچ ای سی نے اس حوالے سے مکمل معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ نرسری کو عالمی معیار کے مطابق ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ماڈل نرسری میں تبدیل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔