اسلام آباد کو بین الاقوامی معیار کا شہر بنانا ہے : وزیر داخلہ

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا عیدالاضحی پر وفاقی دارالحکومت میں مثالی صفائی سی ڈی اے کے افسران اور عملے کی شبانہ روز محنت اور شہریوں کے تعاون کا نتیجہ ہے۔۔۔
زیرو ویسٹ آپریشن میں حصہ لینے والے ملازمین کیلئے ایک بنیادی تنخواہ بطور انعام دینے اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے سینیٹری ورکرز کو 15ہزار روپے فی کس دینے کا اعلان کرتا ہوں، ہم سب نے مل کر اسلام آباد کو بین الاقوامی معیار کا شہر بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ڈی اے کے عیدالاضحی کے موقع پر فرائض انجام دینے والے سینیٹری ورکرز کے اعزاز میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیرداخلہ نے کہا 3 روز میں اسلام آباد کے شہری و دیہی علاقوں سے 2400 ٹن آلائشیں اور ویسٹ اٹھایا گیا، پہلی بار ڈرون کیمروں سے صفائی آپریشن کی نگرانی کی گئی۔ 2500 ورکرز اور 250 گاڑیاں آپریشن میں شامل تھیں۔ شہریوں کا اطمینان سی ڈی اے کی کارکردگی کا برملا اعتراف ہے۔ انہوں نے شہریوں کا بھی شکریہ جنہوں نے صفائی کے حوالے سے فیلڈ ٹیموں سے پورا تعاون کیا۔