خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ سب سے بڑا فراڈ، اختیار ولی

پشاور (اے پی پی) وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر برائے اطلاعات و امور خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ سب سے بڑا فراڈ ہے ، گزشتہ صوبائی بجٹ کے اہداف میں ایک بھی حاصل نہیں کیا جاسکا، صوبے کی آمدن 129 ارب روپے ہے ، آپ 2119 ارب کا بجٹ کس طرح پیش کرتے ہیں ۔
اتوار کو نوشہرہ میں آئندہ مالی سال کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے بجٹ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے بجٹ کو خوددار بجٹ کہا گیا لیکن اس میں رکھے گئے اہداف پورے نہیں ہوسکے ، انہوں نے کہا کہ اب یہ ڈھنڈورا پیٹتے ہیں کہ ہم نے 2119 ارب روپے کا ٹیکس فری اور سرپلس بجٹ پیش کر دیا جو ایک بہت بڑا جھوٹ ہے . اختیار ولی نے اس حوالے سے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ اخراجات کی مد میں ان کے 1962 ارب روپے ہیں جبکہ قابل وصول صوبائی محاصل 129 ارب روپے ہیں۔ آپ کا انحصار وفاق کے 1500 ارب روپے زائد پر ہے جب آپ کو وفاق سے 1500 ارب سے زائد رقم ملے گی تو پھر آپ کا بجٹ 2119 ارب کا ہوگا. آپ یہ بتائیں کہ وفاق میں عمران خان کی پونے چار سال کی حکومت میں آپ کو کون سے سال میں وفاق نے پیسے دئیے ،اختیار ولی خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو چاہیے کہ وہ مالی بد انتظامی روک کر صوبے کی ترقی پر توجہ دیں ۔