شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کررہے:چیئرمین سی ڈی اے

شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کررہے:چیئرمین سی ڈی اے

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے ، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پانی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے ہماری انفرادی اوراجتماعی ذمہ داری ہے کہ پانی بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

 اسلام آباد کے شہریوں کو پانی کی فراہمی سی ڈی اے کی ترجیح ہے اور ہم اسلام آباد کے شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ اسلام آباد واٹر ایجنسی کو آبی ماہرین، جدید آلات اور تربیت یافتہ افرادی قوت سمیت تمام ضروری وسائل سے لیس کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے سی ڈی اے، ایم سی آئی، آئی سی ٹی اور معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ پانی کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔ پانی بچانے والے آلات استعمال کرکے اور پانی کے استعمال میں احتیاط برت کر پانی کے ضیاع کو روکیں۔ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا، اساتذہ اور معاشرے کے دیگر طبقات میں پانی کی اہمیت اور اس کے استعمال کے بارے میں موثر آگاہی مہمات شروع کی جائیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سی ڈی اے مستقبل کی آبی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے متبادل آبی ذرائع کی تلاش میں بھی مصروف ہے۔ اپنی طویل المدتی حکمت عملی کے مطابق سی ڈی اے قومی اور بین الاقوامی ڈونرز اور پانی سے متعلق ترقیاتی کاموں میں شراکت داروں کے ساتھ قابل عمل آبی منصوبوں کیلئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھی کام کر رہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا ان کا ہدف آج اور مستقبل میں اسلام آباد کے ہر شہری کو صاف اور محفوظ پانی فراہم کرنا ہے۔ سی ڈی اے تمام سٹیک ہولڈرز بشمول شہریوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ آنے والی نسلوں کیلئے آبی وسائل کے تحفظ میں ہاتھ بٹائیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس کے اختتام پر اپنے پیغام میں کہا انفرادی اور اجتماعی کوششیں ہی ہمارے آبی وسائل کے تحفظ کے ہدف کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں