انچارج برن سینٹر کیخلاف درخواست سیکرٹری صحت کو ارسال
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) برن سینٹر کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر صائق نے انچارج و ڈائریکٹر برن سینٹر ڈاکٹر عبدالخالق کے رویہ کے خلاف برن سینٹر کے سربراہ اور وفاقی سیکرٹری قومی صحت کو درخواست دے دی۔۔۔
جبکہ مذکورہ اسسٹنٹ پروفیسر کے خلاف میڈیکل افسر ڈاکٹر سومیت نے بھی درخواست دے دی۔ برن سینٹر کے سربراہ پروفیسر ایس ایچ وقار نے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر صائق کو برن سینٹر میں مریضوں کے آپریشن کرنے سے روک دیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی نے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر صائق اور ڈاکٹر سومیت کو طلب کر لیا ہے، ڈاکٹر صائق نے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالخالق کے خلاف درخواست دی کہ آپریشن سینٹر میں مریض کے سامنے ڈاکٹر عبدالخالق نے مجھ سے سخت بدتمیزی کی جس کی وجہ میرا عدالت میں سینیارٹی کیلئے مقدمہ دائر کرنا ہے، ڈاکٹر عبدالخالق نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن سے امتحان پاس نہیں کیا، برن سینٹر کا چارج و عہدہ قانون کیخلاف دیا گیا ہے۔ دوسری جانب برن سینٹر کے میڈیکل افسر ڈاکٹر سومیت نے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر صائق کے خلاف شکایت کی جس پر ایگزیکٹو ڈایریکٹر ڈاکٹر رانا عمران سکندر نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ہسپتال ڈاکٹر رانا عمران سکندر نے دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شکایت پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی رپورٹ کے بعد ہی صحیح اور غلط کا فیصلہ ہو گا۔