انٹرنیشنل اولمپیاڈ ان انفورمیٹکس پاکستانی ٹیم نے کانسی کے 4تمغے جیتے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)بو لیویا میں منعقدہ انٹرنیشنل اولمپیاڈ ان انفورمیٹکس میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار کانسی کے تمغے جیت لیے ۔
عالمی مقابلے میں 86 ممالک نے شرکت کی اور پاکستان نے 32ویں پوزیشن حاصل کی جو کہ جرمنی، فرانس، اٹلی، ترکی، سعودی عرب، بیلجیئم، سپین، فن لینڈ، آسٹریا اور نیدرلینڈز جیسے ترقی یافتہ ممالک سے بہتر تھی۔ فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے ہر سال پاکستان کی IOI میں شرکت کے انتظامات کی ذمہ داری سنبھالی ہے ۔ گزشتہ سال IOI 2024 جو مصر کے شہر سکندریہ میں منعقد ہوا تھا، پاکستان نے دو کانسی کے تمغے جیتے تھے اور عالمی درجہ بندی میں 46ویں نمبر پر رہا تھا۔ اس سال کی کارکردگی میں واضح بہتری آئی ہے جو فیڈرل بورڈ کے شفاف اور میرٹ پر مبنی انتخابی عمل اور پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے ۔