چیئرمین سی ڈی اے کا دورہ کیپٹل ہسپتال سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کیپٹل ہسپتال کا دورہ کیا ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹل ہسپتال نے مریضوں کیلئے دستیاب طبی سہولیات کے بارے میں بر یفنگ دی ۔
چیئرمین نے ہدایت کی کہ مریضوں کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی ، صفائی اور حفظان صحت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے ، اس سلسلہ میں کوئی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بائیو میڈیکل سٹاف کو 24 گھنٹے موجود رہنے ، تمام طبی آلات کو فعال حالت میں رکھنے اور آپریشن تھیٹر کو مزید جدید بنانے ، ایم آر آئی مشین کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ممبر فنانس کو ہدایت کی کہ ہسپتال کی اپ لفٹنگ ، نئے اور جدید آلات کی خریداری کیلئے ضروری فنڈز جاری کیے جائیں ،انہوں نے کہا لفٹس کو فنکشنل رکھنے کے علاوہ ایئر کنڈیشنرز کی مکمل دیکھ بھال اور کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے ۔ دریں اثنا چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس کے دوران ادارے میں کیش لیس نظام کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ چیئر مین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے کے مختلف شعبہ جات میں کیش لیس نظام متعارف کرواتے ہوئے کیو آر کوڈ کے ذریعے کیش لیس نظام کا نفاذ یقینی بنایا جائے ۔