سی ڈی اے بورڈ اجلاس : قبر کھدائی، میت بس چارجز ختم، کیپٹل ہسپتال کی پرائیویٹ فیسوں پر نظر ثانی کا فیصلہ
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت بورڈ کا 16 واں اجلاس ہیڈکوارٹرز میں ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبران سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں اسلام آباد کے شہریوں کو ریلیف و سہولت فراہم کرنے کیلئے قبر کھدائی اور میت بس کے چارجز معاف کرنے کے فیصلہ کی منظوری دی گئی۔ اسلام آباد کے قبرستانوں کو مزید میت بسیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ کیپیٹل ہسپتال کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ پرائیویٹ مریضوں کی موجودہ فیسوں کی شرح میں نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین نے کہا کہ ہسپتال کے ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن کو ہسپتال کی بہتری اور سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیا جائے۔ سی ڈی اے انٹرن شپ پالیسی سال 2025 کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متصل اے این ایف کے آفس کے قیام کیلئے جگہ،پولیس سٹیشن کی تعمیر کیلئے زمین الاٹمنٹ کی درخواست کو قواعد و ضوابط کے مطابق منظوری کا فیصلہ کیا گیا۔
سیکٹر F-10، اسلام آباد کی سروس روڈ (ایسٹ) کا نام کھلاڑی ارشد ندیم روڈ رکھنے کے حوالے سے تجویز فیڈرل گورنمنٹ کو منظوری کیلئے بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسلام آباد میونسپل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی لینڈ فل سائٹ کے استعمال کیلئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) کے ساتھ کرایہ کا معاہدہ قواعد و ضوابط کے مطابق طے کرنے کی منظوری دی گئی۔ اسلام آباد ویسٹ ٹرانسفر سٹیشن (آئی 9، آئی 11 اور کسی دیگر سائٹس) سے سالڈ ویسٹ کی نقل و حمل ڈمپنگ سائٹ، چک بیلی خان روڈ، راولپنڈی تک راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی خدمات کی مدت میں توسیع کرنے کی منظوری دی گئی ،گریڈ 15 اور 16 میں تعینات ملازمین کے اپ گریڈیشن کے طریقے کار کو فنانس ڈویژن کے رولز کے مطابق اپنانے کی منظوری دی گئی۔