جڑواں شہروں میں ڈینگی کے 44 نئے کیسز رپورٹ
اسلام آباد کے دیہی ایریاز سے 15، اربن سے 13 مریضوں کی تصدیق راولپنڈی میں 16نئے مریض ہسپتال داخل،کوئی موت واقع نہیں ہوئی،حکام
اسلام آباد، راولپنڈی (خصوصی رپورٹر، نیوز رپورٹر) جڑواں شہروں میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 44نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤکو روکنے کیلئے شہر بھر میں 24,603مقامات کا معائنہ کیا گیا، مہم کے تحت 179گھروں میں سپرے جبکہ 652مختلف مقامات پر فوگنگ کی گئی، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 28نئے کیسز رجسٹر ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق رورل ایریاز سے 15جبکہ اربن ایریاز سے 13مریضوں کی تصدیق ہوئی اور صحت کے تحفظ کے پیش نظر 16نئے مریضوں کوہسپتال منتقل کیا گیا۔ ادھر راولپنڈی میں گزشتہ 24گھنٹوں میں ڈینگی کے 16نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کے حکام نے بتایا کہ 49مریض ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں اور ڈینگی سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جواد احمد نے بتایا کہ 4502ایف آئی آرز درج اور 1857مقامات سیل کیے گئے، اس کے علاوہ 3515چالان اور 1کروڑ 9لاکھ 84ہزاررو پے جرمانہ کیا گیا۔