ممبران قومی ،صوبائی اسمبلی کا آرڈی اے کا دورہ ،منصوبوں پر بریفنگ
رنگ روڈ، چک بیلی روڈ ، سٹیڈیم روڈ پر انڈر پاس کی تعمیر سمیت اہم منصوبوں پر کام جاری
راولپنڈی(نیوزرپورٹر) ممبران قومی اسمبلی انجینئر قمرالسلام راجہ، ملک ابرار ، بیرسٹر عقیل ، ممبران صوبائی اسمبلی راجہ حنیف ، شوکت عزیز ، نعیم اعجاز، محسن ایوب خان اور عمران الیاس نے آر ڈی اے کا دورہ کیا۔ کانفرنس روم میں ایک اجلاس منعقد ہوا، ڈی جی نے اتھارٹی کی جاری منصوبہ بندی، اہم کامیابیوں اور مستقبل کے ترقیاتی اہداف پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں زیر غور آنے والے بڑے جاری اور مستقبل منصوبوں میں راولپنڈی رنگ روڈ، چک بیلی روڈ کی بہتری، سٹیڈیم روڈ پر انڈر پاس کی تعمیر، فلیش مین سے فیض آباد تک مری روڈ کی بحالی، ہائی کورٹ روڈ کی بحالی سمیت دیگر ترقیاتی سکیمیں شامل تھیں۔ ممبران نے آر ڈی اے کی مجموعی کارکردگی اور افسران و عملے کی کاوشوں کو سراہا اور شہری ترقی کے عمل میں تیزی لانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔