ون ڈش کی شرط سے کاروبار تباہ ہوچکا ،نظر ثانی کی جائے
ہزاروں افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ،رائو طارق کی دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )پنجاب شادی ہالز، مارکیز اور لان اونرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری راؤ طارق اسلام نے کہا ہے کہ حکومت ون ڈش پالیسی پر نظر ثانی کرے اورشادی ہال مالکان اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعدنئی پالیسی مرتب کرے ،ون ڈش ایکٹ کی خلاف ورزی کی سزائیں فوری طور پر معطل کی جائیں،شادی ہالز کے کاروبار کا تحفظ اور کاروباری استحکام کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں، شادی ہالز مالکان سے سوتیلے پن کا سلوک بند کیا جائے ، ان خیالات کا اظہار راولپنڈی شادی ہالز ایسوسی ایشن کے صدر ملک ظہور و دیگر کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ مشکل سے سال کے 100 دن کا کاروبار ہوتا ہے ،حکومت اپنے ان قوانین کی رو سے شادی ہال مالکان کو بلیک میل کرتی رہتی ہے ، شادی ہال انڈسٹری پاکستان کی اکانومی کی ایک بنیادی اکائی ہے جس سے براہ راست بہت سے شعبے وابستہ ہیں اس پہ اس طرح کے قدغن اور پابندیاں ان کو براہ راست متاثر کریں گی، جس سے اس مشکل حالات سے چلتی معیشت مزید بگڑ سکتی ہے ، انہوں نے خبردار کیا کہ بات چیت اور تعاون کے لیے ہمیشہ تیار ہیں، لیکن یکطرفہ فیصلے کسی صورت قبول نہیں کرینگے ۔