ایم ٹیگ کیلئے مزید 3پوائنٹس قائم ،ریڈرز کی تنصیب بھی مکمل
نومبر سے اب تک ایم ٹیگ لگوانے والی گاڑیوں کی تعداد 88ہزار 634تک پہنچ چکی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)وفاقی دارالحکومت میں سہولت اور حفاظت کے انتظامات کو مزید بہتر بناتے ہوئے اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے ایم ٹیگ سروس تک رسائی کے پوائنٹس میں اضافہ کر دیا ہے ۔ شہریوں کی آسانی کے پیشِ نظر تین نئے پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جن کے ساتھ اب شہر بھر میں ایم ٹیگ لگوانے کے مقامات کی کل تعداد 16 ہو گئی ہے ۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر عرفان میمن نے بتایا کہ شہر بھر کے تمام اہم انٹری پوائنٹس اور دیگر کلیدی مقامات پر ایم ٹیگ ریڈرز کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جیسے ہی یہ ریڈرز فعال ہوں گے ، بغیر ایم ٹیگ والی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اعداد و شمار کے مطابق 14 نومبر سے اب تک ایم ٹیگ لگوانے والی گاڑیوں کی کل تعداد 88 ہزار 634 تک پہنچ چکی ہے ، جن میں سے صرف گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 300 گاڑیوں کو ایم ٹیگ فراہم کیے گئے ہیں۔