آر پی او کی مورگاہ میں کھلی کچہری،شہریوں کے مسائل سنے
درخواستوں پر فوری کارروائی ،امن وامان کی بحالی یقینی بنانے کی ہدایت
راولپنڈی (اے پی پی) آرپی او بابر سرفراز الپا کی سربراہی میں تھانہ مورگاہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ شہریوں نے اپنے مسائل، درخواستیں اور شکایات براہ راست آر پی او راولپنڈی کے سامنے پیش کیں۔ آرپی او بابر سرفراز الپا نے شہریوں کی شکایات نہایت توجہ سے سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ پولیس افسران کو واضح اور سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی درخواستوں پر قانون کے مطابق فوری اور شفاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور مقررہ ٹائم فریم کے اندر کارروائی کی رپورٹ ان کے دفتر کو ارسال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام اور پولیس کے درمیان براہ راست رابطہ قائم کرنا، شہریوں کے مسائل کو ان کی دہلیز پر سننا اور ان کا فوری ازالہ یقینی بنانا ہے ، عوام کو انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کا حل پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔