نیب :سوزوکی موٹرز کیس متاثرین میں 18کروڑ 60لاکھ تقسیم

 نیب :سوزوکی موٹرز کیس متاثرین میں 18کروڑ 60لاکھ تقسیم

تقسیم کی جانے والی یہ رقم پلی بارگین کے ذریعے برآمد کی گئی، ترجمان نیب عوامی اعتماد کے تحفظ کیلئے کوششیں جاری رکھے گا:نذیر احمد

اسلام آباد(اے پی پی)چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب)لیفٹیننٹ جنرل (ر)نذیر احمد نے نیب لاہور کا دورہ کیا اور سوزوکی سیالکوٹ موٹرز کیس میں عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کے شکار متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب کی صدارت کی۔ اس موقع پر مرزا فاران بیگ ڈی جی نیب لاہور کی سرپرستی میں 18 کروڑ 60 لاکھ روپے کی رقم 136 مستحق دعویداروں میں تقسیم کی گئی۔ترجمان نیب کے مطابق متاثرین میں تقسیم کی جانے والی یہ رقم پلی بارگین کے ذریعے برآمد کی گئی، جو لوٹی گئی عوامی رقم کی واپسی کے لیے نیب کے موثر احتسابی نظام کی عکاس ہے ۔ مجموعی برآمد شدہ رقم کا 50 فیصد حصہ اس مرحلے پر متاثرین میں تقسیم کر دیا گیا ہے جبکہ بقیہ 50 فیصد رقم آئندہ دنوں میں قانونی و انتظامی تقاضے مکمل ہونے کے بعد تقسیم کی جائے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے متاثرین کو بروقت انصاف کی فراہمی اور شفاف طریقے سے رقوم کی واپسی کے لیے نیب کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ د ھوکہ دہی سے متعلق تمام مقدمات میں باقی ماندہ رقوم کی برآمدگی اور تقسیم کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ متاثرین کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جائے ۔چیئرمین نیب نے جاری تفتیشی مقدمات پر جامع پیش رفت رپورٹس بھی طلب کیں اور متاثرین کو درپیش مسائل کی نشاندہی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیب انصاف کی فراہمی، شفافیت اور عوامی اعتماد کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں بلا تعطل جاری رکھے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں