بے نظیر بھٹو برسی :لیاقت باغ جائے شہادت پر دعائیہ تقریب

بے نظیر بھٹو برسی :لیاقت باغ جائے شہادت پر دعائیہ تقریب

عامر فدا پراچہ ،ملک خالد بوبی ، راجہ کامران، نرگس فیض ملک دیگر کی شرکت بے نظیر کے افکار کے مطابق عوامی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے ، فیصل راٹھور

راولپنڈی، اسلام آباد، مظفرآباد (خصوصی نامہ نگار، سٹاف رپورٹر، بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے زیرِ اہتمام ملک بھر کی طرح جڑواں شہروں میں بھی دخترِ مشرق، سابق وزیرِاعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 18ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی ۔ اس موقع پر دعائیہ تقریبات، تقاریر اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔راولپنڈی لیاقت باغ جائے شہادت پر منعقدہ تقریب میں سابق ایم ڈی بیت المال و رکن سی ای سی ملک عامر فدا پراچہ، پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر ملک خالد نواز بوبی، سٹی صدر راجہ کامران حسین، نرگس فیض ملک دیگر پارٹی رہنماؤں کار کنوں نے شرکت کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل سیکر ٹر یٹ اسلام آباد میں بھی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا،فرحت اللہ بابرسمیت پارٹی قائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بے نظیر بھٹو نے آمریت، جبر اور انتہاپسند سیاست کے باوجود جمہوریت، آئین اور عوام کے حقِ حکمرانی پر کبھی سمجھو تا نہیں کیا۔

ملک خالد نواز بوبی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے کارکنان کو مزید محنت اور جدوجہد کرنا ہو گی۔تقریب کے اختتام پر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور دیگر شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی۔پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے زیرِ انتظام سابق پو لیٹیکل سیکرٹری ناہید خان و صدر پیپلز پارٹی ورکرز صفدر عباسی کی ہدایت پر بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر لیاقت باغ جائے شہادت پر قرآن خوانی کی گئی، جس کے بعد اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ اس دوران لنگر بھی تقسیم کیا گیا ، ادھر آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد، میرپور، نیلم، کوٹلی، باغ اور راولاکوٹ سمیت مختلف شہروں میں بھی برسی کی دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں ،تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر جمہوریت کی علامت تھیں ،وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے بھی برسی کی مرکزی تقریب میں شرکت کی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت شہید بھٹو اور شہید بے نظیر کے افکار کے مطابق عوامی خدمت کا مشن جاری رکھے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں