31دسمبر تک اسلام آباد میں بھاری ٹریفک کے داخلے پر پابندی
جاری ترقیاتی کاموں،نئے سال کی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک روانی کیلئے فیصلہ کیا گیا
اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے جاری ترقیاتی کاموں اور نئے سال کی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے 27 دسمبر سے 31 دسمبر تک وفاقی دارالحکومت میں بھاری ٹریفک کے داخلے پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔آئی ٹی پی کے ترجمان نے بتایا کہ 27 دسمبر ہفتہ سے 30 دسمبر منگل تک روزانہ شام 3 بجے سے رات 8 بجے تک ہر قسم کے بھاری ٹریفک کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 31 دسمبر کو بھاری ٹریفک پر پابندی شام 3 بجے سے آدھی رات تک نافذ رہے گی۔ترجمان نے کہا کہ پابندی کے دوران اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے سڑکوں پر تعینات رہیں گے ۔