اصلاح معاشرہ کیلئے سیرت النبیؐ کاپیغام عام کرناہوگا،علامہ راغب نعیمی
صدقہ صرف مالی امداد نہیں بلکہ روحانی تزکیہ کا ذریعہ بھی ، تقریب خطاب
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اصلاح معاشرہ کیلئے سیرت النبی ؐ کاپیغام عام کرناہوگا۔سیرت النبی ؐ کی پیروی سے فرد اور معاشرہ دونوں کی اصلاح ممکن ہے ۔نبی اکرم ؐنے ہمیشہ انسانیت کے حقوق کا خیال رکھا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے دارالعلوم جامعہ نعیمیہ میں ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہیدانسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سائنسزکے زیراہتمام درس حدیث کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے طلبہ کو درس حدیث دیتے ہوئے معاشرتی رسومات اوراسلام کی حقیقی تعلیمات پرروشنی ڈالی۔انہوں نے کہا صدقہ اسلام کا ایک نمایاں اقتصادی اور اخلاقی تصور ہے ۔ یہ صرف مالی امداد نہیں بلکہ ایک روحانی تزکیہ کا ذریعہ بھی ہے ۔ صدقہ صرف مال دینا ہی نہیں بلکہ مسکرا کر بات کرنا، راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹانا اور کسی کو اچھا مشورہ دینا بھی صدقہ ہے ۔