ای ٹرانسفرکیلئے نئی شرائط کا نفاذ،اساتذہ کا اظہارتحفظات
تبدیل ہونیوالے موجودہ سکول میں تفویض کردہ ذمہ داریاں مکمل کرینگے
راولپنڈی( خاورنوازراجہ) حکومتِ پنجاب کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اساتذہ کی ای ٹرانسفرکے تحت ہونے والے تبادلوں پر سالانہ امتحانات مکمل کرنے ، نتائج دینے اوربچوں کے والدین سے میٹنگ کرنا لازم قراردے دیا ۔نئی شرائط پر اساتذہ نے تحفظات کااظہار کردیا ۔ سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے راولپنڈی سمیت صوبہ بھر کے تمام چیف ایگزیکٹو افسران (ایجوکیشن) کو ہدایات جاری کردی ہیں جن کے مطابق ای ٹرانسفر پالیسی کے پیرا 9.2 کے تحت تمام اساتذہ کو اپنی پسند کی خالی اسامیوں کے خلاف SIS پورٹل کے ذریعے تبادلے کے لیے درخواست دینا ہوگی تاہم تبادلہ ہر تعلیمی ٹرم کی تکمیل کے بعد ہی مؤثر ہوگا۔ تبادلہ حاصل کرنے والے اساتذہ پر لازم ہوگا کہ وہ اپنے موجودہ سکول میں تفویض کردہ ذمہ داریاں مکمل کریں، جن میں تحریری امتحانات، نتائج کی تیاری اور والدین سے ملاقات لازم ہے ۔ اساتذہ کو ان ذمہ داریوں کی تکمیل کا سرٹیفکیٹ ہیڈ ٹیچر کو جمع کروانا ہوگا، جس کے بعد ہی SIS پورٹل پر چارج ریلیونگ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔