بری امام، تجاوزات کیخلاف آپریشن،پتھرائوسے کئی پولیس افسرزخمی

بری امام، تجاوزات کیخلاف آپریشن،پتھرائوسے کئی پولیس افسرزخمی

مری روڈبند،گاڑیوں کی لمبی قطاریں،گرین لائن بس سروس معطل،مسافرپھنس گئےمحلہ نوری میں مقامی افرادکاسروے ٹیمزپرپتھرائو،فائرنگ،کئی پولیس افسرزدمیں آگئے

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سی ڈی اے کی جانب سے بری امام کچی آبادی کو مسمار کرنے کے لیے کارروائی سوموار کو بھی جاری رہی ، اس موقع پر رہائشیوں نے شدید مزاحمت کی اور پولیس حکام پر پتھرائو کیا، بعد ازاں بھارہ کہوہ مری روڈ بند کر کے احتجاج کیا گیا، جس پردارالحکومت اور مری کے درمیان بنیادی شاہراہ مکمل طور پر بند ہو گئی  ،ادھر نواحی علاقے نوری محلہ میں سروے کے دوران مقامی افراد نے پولیس اور ریونیو عملے پر فائرنگ اور پتھراؤ کر دیا، جس کے نتیجے میں متعدد پولیس افسران زخمی ہو گئے ،بھارہ کہو سے چلنے والی گرین لائن بس سروس بھی معطل کر دی گئی، جس کے باعث بس ٹرمینلز پر مسافر پھنس کررہ گئے ،بعد ازاں پیپلز پارٹی کے رہنما سید سبط الحسن نے مداخلت کی اور یقین دہانی کرائی کہ  عدالت کے فیصلے کے مطابق سی ڈی اے معاملات کو آگے بڑھائے گا۔

ان کی کوششوں سے آپریشن فوری طور پر روک دیا گیا اور احتجاجیوں نے مری روڈ کھول دی۔دوسری طرف نواحی علاقے نوری محلہ میں اسلام آباد پولیس، سی ڈی اے اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی مشترکہ ٹیمز قانونی و باقاعدہ سروے کے فرائض انجام دے رہی تھیں کہ اچانک مقامی افراد نے بلا اشتعال فائرنگ اور پتھراؤ شروع کر دیا۔ حملے میں کئی پولیس افسران زخمی ہوئے جنہیں فوری قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث تمام عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں