عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ،ڈی پی او مری
ہلکی برفباری کے دوران عملہ نے اہم راستوں پر ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنایا 24 گھنٹوں کے دوران 23114 گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں، رضا تنویر
راولپنڈی (خبر نگار ) ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے کہا ہے کہ برفباری کے دوران عوام کی جان و مال کا تحفظ، ٹریفک کی روانی اور سیاحوں کو مکمل سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ، مری پولیس اور ٹریفک پولیس نے 23 ہزار سے زائد گاڑیوں کے داخلے کے باوجود بہترین حکمت عملی سے ٹریفک کو رواں دواں رکھا۔ مری میں تقریباً 2:15 بجے ہلکی برفباری کا آغاز ہوا جو 3:45 بجے تک جاری رہا، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اہم راستوں پر ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنایا ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 23,114 گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں جبکہ 15,143 گاڑیاں باہر نکلیں، اس وقت 7,971 گاڑیاں مری کے اندر موجود ہیں۔ ڈی پی او نے بتایا کہ تمام افسران، اہلکار، ٹریفک وارڈنز اور ریسکیو ٹیمز ہر مقام پر چوکس ہیں جس کے نتیجے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔