اسلام آباد،گھروں کے باہر بنے کیبنز، تجاوزات ہٹانے کی مہم شروع
سیکٹر ایف سکس، ایف سیون، ایف ٹین اور مختلف پوش علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن223گھروں کے باہر سے کیبنز،تعمیراتی تجاوزات ختم،کارروائی جاری رہے گی،ڈی سی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت کے مختلف مقامات پر سی ڈی اے و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے گھروں کے باہر بنائے گئے غیر قانونی کیبنز اور تجاوزات ہٹانے کی مہم کا آغازکر دیا ہے، مہم کے تحت اب تک مختلف سیکٹروں بشمول سیکٹر ایف سکس، ایف سیون، ایف ٹین اور مختلف پو ش علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی چلائے گئے ان آپریشنز میں ڈی ایم اے، سی ڈی اے اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے حصہ لیا۔ مجموعی طور پر 223گھروں کے باہر سے غیر قانونی کیبنز اور دیگر تعمیراتی تجاوزات ہٹا دی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر واضح کیا کہ انتظامیہ نے کسی بھی قسم کی سفارش یا دباؤ کے بغیر بلا تفریق کارروائی کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات، چاہے وہ کسی بھی شکل میں ہوں، ان کا صفایا یقینی بنایا جائے گا۔