پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ،2700لٹر ناقص دودھ تلف

 پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ،2700لٹر ناقص دودھ تلف

سکستھ روڈ، کری روڈ اور سوہان میں دودھ کی 3دکانیں سیل ،مقدمات درج

راولپنڈی(نیوزرپورٹر)ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے موٹر وے ٹول پلازہ اور راولپنڈی شہر میں دودھ کی کوالٹی چیکنگ کے لیے اچانک معائنہ کیا ، کارروائی کے دوران خشک پائوڈر اور ویجیٹیبل آئل سے تیار کردہ 2 ہزار 700 لٹر ناقص دودھ تلف کر دیا گیا۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق سکستھ روڈ، کری روڈ اور سوہان کے علاقوں میں 4 ملک شاپس کا معائنہ کیا گیا۔ ان میں سے 3 ملک شاپس میں دودھ میں ملاوٹ ثابت ہونے پر مقدمات درج کر کے انہیں فوری طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ کارروائی کے دوران 2 من ویجیٹیبل آئل بھی تلف کیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں موٹر وے ٹول پلازہ پر 3 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 15 ہزار لٹر دودھ کی چیکنگ بھی کی گئی تاہم وہاں دودھ معیار کے مطابق پایا گیا۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ دودھ جیسی نعمت میں ملاوٹ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں