ایکشن کمیٹی کیسا تھ معاہدہ پر عملدرآمد تیز کیا جا ئے ،امیر مقام
عوامی مفاد سے متعلق متعدد مطالبات پر عملدرآمد ہوچکا ، اجلا س کو بریفنگ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر کیسا تھ اجلاس ، معاہدہ پر پیش رفت کا جائزہ
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار )وفاقی وزیر امورِ کشمیر، گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ ایک اہم اجلاس ہوا ، جس میں وفاقی حکومت، حکومتِ آزاد کشمیر اور ایکشن کمیٹی کے مابین طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ عملدرآمد کمیٹی نے بتایا کہ عوامی مفاد سے متعلق متعدد مطالبات پر عملدرآمد مکمل ہوچکا ہے جبکہ باقی نکات پر پیش رفت تیزی سے جاری ہے ۔ امیر مقام نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عملدرآمد کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز باہمی تعاون سے آگے بڑھ رہے ہیں تاکہ عوامی مسائل کا پائیدار حل یقینی بنایا جا سکے ۔وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ حکومت سنجیدگی اور تسلسل کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھا رہی ہے ، ہم کشمیری عوام کے جائز حقوق کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ جلاس کا آغاز سابق صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا۔