سی ڈی اے کے زیر اہتمام موسم بہار شجر کاری مہم کاآغاز
8 ہزار پولن درختوں کی جگہ 30ہزار بڑے سائز کے درخت لگائے جائیں گے
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) اسلام آباد کو د خوبصورت اور سرسبز و شاداب بنانے کیلئے سی ڈی اے نے موسم بہار شجرکاری مہم کا شکرپڑیاں سے آغاز کر دیا ۔وزیر مملکت قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد نے شجرکاری مہم میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پائن کا درخت لگایا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور ایم ڈی او جی ڈی سی ایل احمد حیات لک نے بھی اس موقع پر چیڑ کے درخت لگائے ۔ ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ طلباء اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے سی ڈی اے کیساتھ ملکر اس خصوصی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ شکر پڑیاں میں 8ہزار پولن درختوں کی جگہ 30 ہزار بڑے سائز کے درخت لگائے جائیں گے ۔ درختوں کی بہتر نگہداشت کیلئے کیو آر کوڈ بھی لگائے جارہے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور اسلام آباد کو سرسبز و شاداب رکھنے کیلئے نہ صرف سی ڈی اے بلکہ ہم سب کو ملکر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔