نو آبادیاتی نظام نے سماجی ڈھانچوں کو متاثر کیا ، ڈاکٹر اخترعلی
مقامی زبانوں میں علم کی تخلیق، فکری خودمختاری کی ضرورت پر زور دیا گیا
ملتان (خصوصی رپورٹر)دی ویمن یونیورسٹی ملتان میں نوآبادیاتی ذہنیت، نفسیاتی محکومی اور سامراجی ورثے کے معاشرتی و فکری اثرات سے متعلق آگاہی اور علمی شعور اجاگر کرنے کے لئے سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں مقامی زبانوں میں علم کی تخلیق، فکری خودمختاری اور احساس کمتری سے نجات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق شعبہ اپلائیڈ سائیکالوجی، شعبہ اردو اور شعبہ انگریزی کے اشتراک سے ‘‘ڈی کوڈنگ پوسٹ کولونیل مائنڈ: اَن پیکنگ سائیکالوجیکل سبجگیشن اینڈ امپیریل لیگیسیز’’ کے عنوان سے سیمینار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول کی سرپرستی میں منعقد ہوا۔ سیمینار کے مہمان مقرر آئرلینڈ کی کورلان سروسز کے پرنسپل کلینیکل سائیکالوجسٹ اور سائیکالوجی منیجر ڈاکٹر اختر علی سید تھے ، جو کتاب ‘‘استعمار کی نفسیات’’ کے مصنف بھی ہیں۔ڈاکٹر اختر علی سید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوآبادیاتی نظام کے اثرات صرف سیاسی اور معاشی سطح تک محدود نہیں رہے بلکہ انہوں نے مقامی معاشروں کی شناخت، طرزِ فکر اور سماجی ڈھانچوں کو بھی متاثر کیا ہے ۔ نوآبادیاتی ذہنیت آج بھی معاشی استحصال، فکری انحصار، سماجی تقسیم اور احساس کمتری کی صورت میں موجود ہے ۔ اس سے نجات کے لئے فکری بیداری اور اپنی تہذیبی و علمی شناخت کا شعور پیدا کرنا ناگزیر ہے ۔سیمینار کے آغاز پر چیئرپرسن شعبہ انگریزی ڈاکٹر منزہ ربانی نے فکری آزادی اور مقامی زبانوں میں علم کی تخلیق کی اہمیت اجاگر کی۔ چیئرپرسن شعبہ اردو ڈاکٹر عذرا لیاقت نے فکری تقسیم کے خاتمے اور بامقصد علمی مکالمے کے فروغ پر زور دیا، جبکہ چیئرپرسن شعبہ اپلائیڈ سائیکالوجی ڈاکٹر سعدیہ مشرف نے بین الشعبہ جاتی علمی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے وائس چانسلر کی سرپرستی کو سراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments