امید ہے آئی ایم ایف سے بجٹ میں ریلیف ملے گا ،صدر راولپنڈی چیمبر
پاکستان اور امریکہ کے سفارتی تعلقات اس وقت بہترین سطح پر ہیں، دورہ مفید رہا ،پریس کانفرنس
راولپنڈی (خبر نگار)راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر عثمان شوکت نے کہا ہے کہ پہلی بار آئی ایم ایف سے کھل کر بات کی گئی ، ہم نے انہیں بتایا کہ کئی نا کردہ گناہ آپ کے کھاتے ڈال دیئے جاتے ہیں، امید ہے اس بجٹ میں آئی ایم ایف سے ریلیف ملے گا۔ پاکستان اور امریکہ کے سفارتی تعلقات اس وقت بہترین سطح پر ہیں، کوشش ہے انہیں تجارت اور معیشت کیلئے استعمال کیا جائے ، ۔امریکی دورے سے واپسی پر عثمان شوکت نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہر ملک کی کوشش ہے کہ امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات بہتر کئے جائیں، پاکستان امریکہ کے ساتھ 10ارب ڈالر کی تجارت کرتا ہے ، وفد نے بزنس پاکستان کونسل سمیت اعلی امریکی حکام سے بھی ملاقاتیں کیں، 24 مارچ کو امریکہ میں ایک کانفرنس ہوگی جس میں پاکستان کے معروف کاروباری حضرات شرکت کریں گے ، صدر چیمبر نے کہا کہ سٹرکچرل ریفارمز نہ کرنے پر ہمارے ہاں بڑی سرمایہ کاری نہیں آسکتی، ملاقاتوں میں مائننگ سیکٹر میں سرمایہ کاری پر بہت بات کی گئی، ہر سٹیٹ چاہتی ہے کہ پاکستان سے ان کے ساتھ ہر سٹیٹ میں کاروبار ہو، وہ ایسی ہی تجارت اپنے تاجروں کے لئے پاکستان میں بھی چاہتے ہیں ہم بی ٹو بی ٹریڈ میں پیش رفت چاہتے ہیں۔، ہم وہاں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں لیکن صرف اس صورت میں کہ پاکستان کا فائدہ ہو ۔