کراچی: گیس سلنڈر دھماکہ، چھت گرنے سے 9 افراد جاں بحق، 12 زخمی
کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں گیس سلنڈر دھماکے سے چھت گر گئی جس کے باعث بچی سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔
گل رعنا کالونی سولجر بازار میں حادثہ گلی نمبر 05 کے قریب آغا خان سکول کے علاقے میں پیش آیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق ملبے سے نکالی گئی 9 لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں کو بھی سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی گئی، امدادی ادارے اور متعلقہ حکام موقع پر موجود رہے اور مزید تفتیش جاری ہے کہ دھماکے کی اصل وجہ کیا تھی؟
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کی عمارتیں بھی لرز گئیں اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ڈی سی ایسٹ نے بتایا کہ گرنے والی عمارت کے ملبے میں دو افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے،عمارت کے گراؤنڈ فلور پر سلنڈر دھماکہ ہوا، دھماکے کی شدت کی وجہ سے عمارت متاثر ہوئی اور زمین بوس ہوگئی، تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہوا۔