لبنان میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن پر حملہ، تین اہلکار شدید زخمی
صنعاء: (دنیا نیوز) لبنان میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن پر حملے میں تین اہلکار زخمی ہوگئے۔
لبنان میں تعینات اقوامِ متحدہ کے امن مشن نے بتایا ہے کہ اس کے ایک ٹھکانے پر دھماکے کے نتیجے میں تین امن اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دھماکا ایک اقوامِ متحدہ کے مرکز کے اندر ہوا جس کے بعد زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ تاحال دھماکے کی نوعیت یا ذمہ داروں کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا، یہ ایک ہفتے کے دوران اس نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے۔
اس سے قبل اتوار کے روز ایک انڈونیشین امن اہلکار اس وقت ہلاک ہو گیا تھا جب ایک گولا اقوامِ متحدہ کے ٹھکانے پر پھٹا جبکہ اگلے ہی دن ایک اور دھماکے میں مزید دو انڈونیشین اہلکار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق 1978ء میں اسرائیلی افواج کے لبنان سے انخلا کی نگرانی کے لئے ادارے کے قیام کے بعد سے اب تک تشدد کے واقعات میں 97 اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ اس امن مشن کی مدت رواں سال کے اختتام پر مکمل ہو رہی ہے۔