آزادکشمیر کو درپیش سب سے بڑا چیلنج بیروزگاری ہے ،فیصل راٹھور
ریاست میں انڈسٹریل زونز ، سرمایہ کاروں کو مراعات دی جائیں گی،وفود سے گفتگو
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آزاد کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ریاست کی پائیدار خوشحالی کا راستہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی سرمایہ کاری اور نجی شعبے کی مضبوطی سے ہو کر گزرتا ہے ، اسی مقصد کے پیش نظر حکومت نے اوورسیز کنونشن کا انعقاد کیا تاکہ اوورسیز کشمیریوں کو ریاست کی معاشی ترقی کے عمل میں براہ راست شریک کیا جا سکے اور سرمایہ کاری کے لیے اعتماد کا ماحول فراہم ہو۔ آزادکشمیر کو درپیش سب سے بڑا چیلنج بیروزگاری ہے اور حقیقت یہ ہے کہ سرکاری شعبہ اب اتنی گنجائش نہیں رکھتا کہ روزگار کے بڑھتے ہوئے تقاضوں کو پورا کر سکے ، اس لیے حکومت نے پالیسی سطح پر فیصلہ کیا ہے کہ ریاست میں انڈسٹریل زونز قائم کیے جائیں گے ، سرمایہ کاروں کو مراعات دی جائیں گی اور کاروبار دوست ماحول پیدا کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو مقامی سطح پر روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں اور ہنر مند افرادی قوت کو بیرون ملک جانے پر مجبور نہ ہونا پڑے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادکشمیر کے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔