ورکرز ویلفیئر فنڈ ،مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم ،موبائل ایپلیکیشن کا آغاز
سسٹم کے ذریعے مزدور اب گھر بیٹھے اپنے کلیمز جمع کروا سکیں گے ،چودھری سالک
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (MIS) اور موبائل ایپلیکیشن کی افتتاحی تقریب ہوئی۔ مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر چودھری سالک حسین تھے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کا دن ادارہ جاتی اصلاحات اور صنعتی مزدوروں کی فلاح کے حوالے سے ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ وزارتِ سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی نے جرات مندانہ اور انقلابی اقدامات کے ذریعے مزدوروں کو سہولیات کی فراہمی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے ۔ ہم سیاست سے بالا تر ہو کر تمام پارٹیوں کے لوگوں کے مسائل حل کر رہے ہیں موبائل ایپلیکیشن اور مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے مزدور اب گھر بیٹھے اپنے کلیمز جمع کروا سکیں گے ۔ انہوں نے کہا سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے اور پاکستانیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے بیرونی ممالک کے وزرائسے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ۔