293غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

293غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

سکیمیں راولپنڈی، ٹیکسلا، گوجرخان، کلرسیداں اور کہوٹہ میں واقع ہیں، عوامی انتباہ جاری

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) آر ڈی اے میٹرو پولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ نے آر ڈی اے کے زیر کنٹرول علاقوں میں قائم 293غیر قانونی پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے عوامی انتباہ جاری کر دیا ہے۔ یہ سکیمیں دائرہ اختیار ایم سی آر، متعلقہ تحصیل کونسلز اور ضلع کونسلز راولپنڈی، ٹیکسلا، گوجرخان، کلرسیداں اور کہوٹہ میں واقع ہیں۔ آر ڈی اے نے پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز رولز 2021کے تحت درج ذیل سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی ہے جس میں آر ڈی اے سے باقاعدہ منظوری حاصل کیے بغیر ہاؤسنگ سکیموں کا اجراء، نامکمل درخواستوں کی جمع آوری اور لازمی قانونی تقاضے پورے نہ کرنا، قانونی کارروائی کے آغاز کے بعد درخواستوں کی واپسی، مکمل اور مطلوبہ دستاویزات جمع نہ کروانا، مجاز اتھارٹی سے باقاعدہ دستخط شدہ لے آؤٹ پلان کی منظوری حاصل نہ کرنا، غیر مجاز ترقیاتی کام، مارکیٹنگ، تشہیر، بکنگ، فروخت یا پلاٹس کی منتقلی، درخواست کردہ اراضی سے تجاوز کرتے ہوئے ترقیاتی سرگرمیاں اور منظور شدہ یا جمع شدہ نقشہ جات سے انحراف، بشمول غیر قانونی پلاٹس، سڑکوں اور سہولیات کی تعمیر شامل ہیں۔ عوام الناس سے اپیل کی جاتی ہے کہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا جائیداد کا لین دین کرنے سے قبل آر ڈی اے کی سرکاری ویب سائٹ اور سکیم کی منظوری کی تصدیق ضرور کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں