الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کا اجلاس ، انتخابات بارے اہم فیصلے
انتخابی فہرست 2022 کو بنیاد بناتے ہوئے اسے موضع وائز بنیادوں پر اپڈیٹ کیا جائیگا فہرستوں کی درستگی اور شفافیت کو بہتر بنانے کے لیے فیلڈ تصدیق کو مؤثر بنانیکا فیصلہ
مظفرآباد (بیورو رپورٹ) چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل کی زیر صدارت عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں انتخابی فہرستوں کی تیاری اور اپڈیٹ کے حوالے سے آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں عام انتخابات 2026 کے شفاف، منظم اور بروقت انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے انتخابی فہرستوں کی تیاری اور اپڈیٹ کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ عام انتخابات کے لیے انتخابی فہرست 2022 کو بنیاد بناتے ہوئے اسے موضع وائز بنیادوں پر اپڈیٹ کیا جائے گا اور وارڈ وائز ڈیٹا کو موضع وائز ایڈٹ کیاجائے گا تاکہ ووٹر لسٹوں میں درستگی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر الیکٹورل سسٹم میں درکار اصلاحات، نئے قومی شناختی کارڈ ہولڈرز کی ڈیٹا انٹری اور تحصیل وائز ووٹر فہرستوں میں موجود ممکنہ بے قاعدگیوں کے جائزے کے لیے مؤثراقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ یہ بھی طے پایا کہ وہ تمام افراد جو سال 2022 سے یکم اپریل 2026 تک 18 سال کی عمر کو پہنچ چکے ہیں یا اس مدت کے دوران 18 سال کے ہو جائیں گے انہیں ووٹر فہرستوں میں شامل کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل شہریوں کو اپنے جمہوری حق رائے دہی کے استعمال کا موقع فراہم کیا جا سکے ۔اجلاس میں ووٹر فہرستوں کی درستگی اور شفافیت کو مزید بہتر بنانے کے لیے فیلڈ تصدیق کے عمل کو مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس سلسلے میں انتظامیہ کے فیلڈ سٹاف کے ساتھ ساتھ سیکرٹریز یونین کونسلز کو بھی اس عمل میں شامل کیا جائے گا جبکہ ووٹرز کو فیملی ٹری سسٹم کاحصہ بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ ووٹر ڈیٹا کی تصدیق اور ترتیب کو مزید مستحکم بنایا جا سکے ۔اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ انتظامی افسران الیکشن کمیشن کے فیلڈ افسران کی نگرانی کریں گے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز بطور رجسٹریشن آفیسرز اپنی ذ مہ داریاں سرانجام دیں گے تاکہ انتخابی فہرستوں کی تیاری اور اپڈیٹ کا عمل مؤثر اور شفاف انداز میں مکمل کیا جا سکے ۔