نو چائلڈ لیفٹ بہائنڈ کے عنوان سے گھر گھر سروے ، داخلہ مہم کا آغاز
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز کو ذمہ داری سونپ دی گئی
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے اسلام آباد میں سکول سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے لیے \"نو چائلڈ لیفٹ بہائنڈ\"کے عنوان سے گھر گھر سروے اور داخلہ مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔ مہم کا مقصد یونین کونسل کی سطح پر تفصیلی گھریلو سروے کے ذریعے ایسے بچوں کی نشاندہی کرنا ہے جو کسی بھی تعلیمی ادارے میں داخل نہیں ہیں اور انہیں قریبی اسکولوں میں داخل کر انا ہے تاکہ ہر بچے کو تعلیم تک رسائی فراہم کی جا سکے۔
یہ مہم تعلیمی شعبے سے وابستہ اداروں، سرکاری محکموں اور نجی تنظیموں کے اشتراک سے چلائی جا رہی ہے ۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز کو نو یونین کونسلز میں سروے اور ڈیٹا جمع کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل بی ای سی ایس حمید نیازی کا کہنا ہے کہ یہ مہم حکومت کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد تعلیمی نظام کو مضبوط بنانا، داخلوں کی شرح میں اضافہ کرنا اور کسی بھی بچے کو اس کے بنیادی حق یعنی تعلیم سے محروم نہ رہنے دینا ہے۔