اساتذہ کی ترقی ،ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس آج طلب
BS-16 سے BS-17گریڈ میں ترقی ،زیر التوا کیسز کا جائزہ لیا جائے گا
راولپنڈی (خاور نواز راجہ )محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے اساتذہ کے گریڈوائز ترقیوں کے حوالے سے ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے ۔ اجلاس آج محکمہ سکول ایجوکیشن کے کمیٹی روم میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری (اسٹیبلشمنٹ) کریں گے ، جس میں BS-16 سے BS-17 گریڈ میں ترقی کے کیسز کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں مرد و خواتین افسران کے زیر التوا اور نئے کیسز پر غور کیا جائے گا۔ایجنڈا کے مطابق سیکنڈری سکول ٹیچرز (BS-16) کو سبجیکٹ سپیشلسٹ، ہیڈماسٹرز، ڈپٹی ہیڈماسٹرز اور دیگر مساوی عہدوں (BS-17)پر ترقی دینے کے معاملات زیر بحث آئیں گے ۔ اسی طرح خواتین ٹیچرز کی بطور سبجیکٹ سپیشلسٹ، ہیڈ مسٹریس اور ڈپٹی ہیڈ مسٹریس ترقی کے کیسز بھی دیکھے جائیں گے ۔اساتذہ تنظیموں نے اساتذہ کی ترقیوں بارے اجلاس طلب کر نے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اقدام کو سراہا ۔