او جی ڈی سی ایل، قائداعظم یونیورسٹی کا توانائی شعبہ میں تعاون پر اتفاق

او جی ڈی سی ایل، قائداعظم یونیورسٹی کا توانائی شعبہ میں تعاون پر اتفاق

پہلے مرحلے میں جدید تربیتی مرکز، یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹل کو سولرائز کیا جائیگا

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) قائداعظم یونیورسٹی اور آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے درمیان تعلیمی اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے اجلاس ہوا، جس میں یونیورسٹی میں جدید تربیتی مرکز کے قیام اور گرلز ہاسٹل کی سولرائزیشن پر باقاعدہ اتفاق کیا گیا۔ قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال اور او جی ڈی سی ایل کے ایم ڈی احمد حیات لک کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں اداروں نے باہمی ترقی کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا عزم کیا۔ ملاقات میں طے پایا کہ او جی ڈی سی ایل کی جانب سے پہلے مرحلے میں قائداعظم یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹل کو سولرائز کیا جائے گا، جس سے طالبات کو بجلی کی لوڈشیڈنگ اور توانائی کے بحران سے نجات ملے گی۔ بعدازاں ارتھ سائنسز ڈیپارٹمنٹ کی عمارتوں کو بھی سولر توانائی سے منسلک کیا جائے گا۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے او جی ڈی سی ایل سکالرشپ سکیم کے تحت مستحق طلبہ کے لیے وظائف کا اعلان کیا۔ اس سلسلے میں 30طلبہ و طالبات (یکساں نمائندگی کے ساتھ) پر مشتمل پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ نوجوانوں کی ہنرمندی اور ملازمت کی صلاحیت بڑھانے کیلئے او جی ڈی سی ایل نے یونیورسٹی میں ایک مشترکہ تربیتی مرکز قائم کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ اس مرکز میں متعلقہ شعبوں میں سرٹیفیکیشن پروگرام پیش کیے جائیں گے، جس کا انتظام او جی ڈی سی ایل اور یونیورسٹی مشترکہ طور پر انجام دیں گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں