ٹیلی میڈیسن منصوبہ، 3500مریضوں کامفت علاج
3ماہ میں اسلام آباداورکراچی کے 7مراکزپر مریضوں کو ادویات بھی فراہماسلام آباد کا بنیادی مرکز صحت گوکینہ 936مریضوں کیساتھ سرفہرست رہا
اسلام آباد (ایس ایم زمان) وزارتِ قومی صحت کے ٹیلی میڈیسن منصوبہ کی جنوری سے مارچ سہ ماہی رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اور کراچی کے سات مراکز میں کل 3481مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 1928مریضوں کو 15لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ادویات مفت فراہم کی گئیں، رپورٹ کے مطابق بیماریوں کی درجہ بندی کے تحت سب سے زیادہ 16.6فیصد مریض سانس کی بیماریوں میں مبتلا تھے، جبکہ 12.7فیصد بچوں کے امراض، 12.6فیصد عام بیماریاں اور 11.4فیصد معدے کی تکالیف کے کیسز رپورٹ ہوئے ۔سروس ڈلیوری کے مطابق اسلام آباد کا بنیادی مرکز صحت گوکینہ 936مریضوں کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ بی ایچ یو بھکر میں 604، کراچی ایف سی ایریا ڈسپنسری میں 558اور جیکب لائنز میں 499مریضوں کا علاج کیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت ماہر ڈاکٹروں اور جنرل پریکٹیشنرز کے مشوروں اور سفری اخراجات کی بچت کی مد میں عوام کو مجموعی طور پر تقریباً 80لاکھ روپے کا فائدہ پہنچا ہے۔