آر ڈی اے کا آپریشن ،غیر قانونی تعمیرات مسمار
کارروائی گرجا روڈ پر کی گئی، غیر قانونی قبضے ختم کر دیئے، ترجمان
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے عامر خٹک کی ہدایات پر راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے گرجا روڈ پر آپریشن کرتے ہوئے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا اور غیر قانونی قبضے ختم کر دیئے۔ کارروائی کا مقصد شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنا، ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور سرکاری اراضی واگزار کرانا ہے۔ آر ڈی اے ترجمان کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کیلئے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد موقع پر آپریشن کیا گیا، جبکہ آئندہ بھی شہر بھر میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں سرکاری اراضی پر ناجائز قبضوں اور تجاوزات کے خلاف مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول اور سہولیات فراہم کی جاسکیں۔