انسداد پولیو مہم ،3کروڑ 95لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن مکمل

 انسداد پولیو مہم ،3کروڑ 95لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن مکمل

اسلام آباد میں 4لاکھ 8ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے ،راولپنڈی میں میں مہم جاری

اسلام آباد،راولپنڈی (نیوز رپورٹر )نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (ای او سی) کے مطابق قومی انسدادِ پولیو مہم میں ملک بھر میں تین دنوں کے دوران مجموعی طور پر 3کروڑ 95لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل کر لی گئی ہے ۔ اس مہم کے دوران 4لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں، بچوں کی قوتِ مدافعت بڑھانے کے لیے انہیں وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔ اسلام آباد میں تقریباً 4 لاکھ 8 ہزار، آزاد جموں و کشمیر میں 6 لاکھ 89 ہزار اور گلگت بلتستان میں 2لاکھ 75ہزار سے زائد بچے اب تک ویکسینیشن سے مستفید ہوئے ہیں۔ادھر ضلع راولپنڈی میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے تیسرے روز بھی مہم کی مؤثر نگرانی اور سو فیصد ہدف کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت جائزہ اجلاس ہوا۔ پولیو مہم کی روزانہ کی کارکردگی، کوریج، ٹیموں کی فیلڈ موجودگی اور ہائی رسک یونین کونسلز میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے اور ٹیمیں گھر گھر جا کر ہر بچے تک رسائی یقینی بنائیں۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں