پاکستان کا ثقافتی ورثہ قومی شناخت اور فخر کا اہم ستون ،اورنگزیب کھچی
نوجوان قیمتی ورثے کے تحفظ، بحالی ، فروغ کیلئے مشترکہ کاوشیں تیز کریں،پیغام
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی نے عالمی یومِ ورثہ کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان کا ثقافتی ورثہ قومی شناخت اور فخر کا اہم ستون ہے جسے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر نے پوری قوم اور ان تمام افراد کو دلی مبارکباد پیش کی جو ہمارے مشترکہ انسانی ورثے کے تحفظ کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس امر کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ثقافتی ورثے کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رکھنا کس قدر اہم ذمہ داری ہے ، جسے عالمی سطح پر یونیسکو بھی تسلیم کرتا ہے ۔ پاکستان ایک بھرپور اور متنوع ورثے کا حامل ملک ہے ، جو ہماری تاریخ کی گہرائی، ثقافتی رنگا رنگی اور عوام کی ثابت قدمی کی عکاسی کرتا ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ہمارے قیمتی ورثے کے تحفظ، بحالی اور فروغ کے لیے مشترکہ کاوشیں تیز کریں۔