جامعہ شفا تعمیر ملت کی غزہ کے میڈیکل طلبا کے اعزاز میں تقریب
شفا یونیورسٹی میں 13طلبہ کی تربیت مکمل ، اسناد تقسیم ،20طلبہ کی تعلیم جا ری
اسلام آباد(دنیارپورٹ )شفا تعمیر ملت یونیورسٹی کی جانب سے اسلامی یونیورسٹی آف غزہ کے میڈیکل کے طلبا کے اعزاز میں گریجویشن اور ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جن کی تعلیم غزہ میں جاری حالیہ تنازع کی وجہ سے متاثر ہوئی تھی۔ اب تک غزہ کے 13 طلبہ نے شفا کالج آف میڈیسن میں اپنی بقیہ میڈیکل ٹریننگ مکمل کر لی ہے جبکہ 20 طلبہ اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تقسیم اسناد کی تقریب میں شفا کالج آف میڈیسن کی قیادت، معزز مہمانان خصوصی اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال خان نے بے گھر طلبہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے حوالے سے تعلیمی اداروں کے کردار پر زور دیا۔ اس موقع پر ہائیر ایجوکیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق، ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے بھی خطاب کیا ۔ اسلامک یونیورسٹی آف غزہ کے ڈین ڈاکٹر انورشیخ خلیل، وائس ڈین احمد مہر نے ورچوئل جبکہ شفا کالج آف میڈیسن کے فیکلٹی ممبران نے براہ راست شرکت کی۔