ایران کے یو اے ای پر میزائل اور ڈرون حملے، فجیرہ پٹرولیم انڈسٹریل زون میں آگ بھڑک اٹھی
ابوظہبی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کے مطابق ایران کی جانب سے یو اے ای پر چار میزائل داغے گئے، تاہم اماراتی فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملے کو کامیابی سے ناکام بنا دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران سے داغے گئے تین میزائلوں کو راستے میں ہی تباہ کر دیا گیا، جبکہ چوتھا میزائل سمندر میں گر کر ناکارہ ہو گیا۔
وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ میزائلوں کا ہدف ابوظہبی کی اہم تنصیبات تھیں، تاہم کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی، حکام کے مطابق ملک کی فضائیہ اور میزائل دفاعی نظام کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور سرزمین و عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
صورتحال کے پیش نظر دبئی اور شارجہ ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں امریکا اور ایرن جنگ بندی کے بعد پہلی بار میزائل خطرے کا ہنگامی الرٹ جاری کیا گیا، جس نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے موبائل فونز پر بھیجے گئے پیغام میں خبردار کیا کہ ممکنہ میزائل خطرے کے پیش نظر شہری فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور مزید ہدایات کا انتظار کریں۔
تاہم حکام نے کچھ ہی دیر بعد دوسرا پیغام جاری کرتے ہوئے صورتحال کو ’محفوظ‘ قرار دیا اور شہریوں کو معمولات زندگی بحال کرنے کی اجازت دے دی، تاہم احتیاط جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
دوسری جانب فجیرہ پٹرولیم انڈسٹریل زون میں آگ لگنے کی تصدیق ہو گئی ہے، جس کی وجہ ایران کی جانب سے کیے گئے مبینہ ڈرون حملے کو قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فجیرہ سول ڈیفنس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ صنعتی تنصیبات تک محدود رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ مزید نقصان سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں۔