پہلا ون ڈے: پاکستان ویمنز ٹیم کا زمبابوے کو 331 رنز کا ہدف
کراچی: (دنیا نیوز) آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ کے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستانی ویمن ٹیم نے زمبابوے کو جیت کیلئے 331 رنز کا ہدف دے دیا۔
نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں زمبابوے کی جانب سے دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان ویمنز ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے۔
پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو 162 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا، جہاں گل فیروزہ 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ دوسری جانب اوپنر صدف شمس نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 130 گیندوں پر 98 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، تاہم وہ اپنی سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہیں۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 4, 2026
مڈل آرڈر میں سدرا امین نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 59 گیندوں پر 90 کے اسٹرائیک ریٹ سے 67 رنز جوڑے، اننگز کے آخری لمحات میں ناجیہ علوی نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے محض 30 گیندوں پر 56 رنز بنا کر اسکور بورڈ کو متحرک رکھا اور وہ ناٹ آؤٹ رہیں۔
عائشہ ظفر نے 3 اور عالیہ ریاض نے 2 رنز بنائے جبکہ کپتان فاطمہ ثنا 11 رنز کے ساتھ کریز پر موجود رہیں۔ پاکستان کی جانب سے اس بڑی اننگز میں 43 اضافی رنز بھی شامل تھے۔
زمبابوے کی جانب سے پریشس مارانگے سب سے کامیاب باؤلر رہیں جنہوں نے 10 اوورز میں 39 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کے علاوہ کڈزئی چیگورا اور نومویلو سیبانڈا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔