آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریا کے جہاز میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی

سیئول: (دنیا نیوز) آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریا کے جہاز میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، تمام عملہ محفوظ رہا، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایچ ایم ایم نیمو نامی پاناما کے جھنڈے تلے چلنے والے کارگو جہاز میں آبنائے ہرمز میں دھماکے کے بعد آگ لگنے کی اطلاع ملی ہے، یہ جہاز جنوبی کوریائی کمپنی کا بتایا جارہا ہے، جو متحدہ عرب امارات کے قریب لنگر انداز تھا، واقعہ پیر کی رات تقریباً 8 بج کر 40 منٹ پر پیش آیا۔

جہاز میں 24 افراد سوار تھے، جن میں 6 جنوبی کوریائی شہری اور 18 غیر ملکی عملہ شامل ہے۔ حکام کے مطابق رات 9 بجے تک تمام عملہ محفوظ ہونے کی تصدیق ہو چکی تھی اور جہاز فی الحال اسٹینڈ بائی پر ہے۔

جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ انجن روم کے بائیں حصے میں دھماکہ ہوا، جس کی اطلاع قریبی جہاز کے ذریعے ملی، اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہے کہ نقصان کسی حملے کے نتیجے میں ہوا یا سمندر میں موجود بارودی سرنگ اس کا سبب بنی۔

حکام نے دفاعی وزارت اور کوسٹ گارڈ سمیت متعلقہ اداروں کو بھی آگاہ کر دیا ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں